فرشتوں کی دعا حاصل کیجیے ‏

*🌹فرشتوں کی دعا حاصل کیجیے 🌹*

*🌸 از قلم :*
*حافظ اکبر علی اختر علی سلفی / عفا اللہ عنہ*

*🌸 ناشر :*
*البلاغ اسلامک سینٹر*
===============================

*الحمد للہ وحدہ، والصلاۃ والسلام علی من لا نبی بعدہ، اما بعد :*

محترم قارئین! تقریبا آٹھ مہینے سے یوپی میں ہوں اور -الحمد للہ- یہیں پر دعوت و تبلیغ کا کام جاری ہے، تیس (30) سے زائد مسجدوں میں جانا ہوا ہے۔ تقریبا ہر مسجد میں میں نے دیکھا کہ جب فرض نماز ختم ہوتی ہے تو کوئی نا کوئی یا دو یا تین لوگ اپنی جائے نماز کوچھوڑ کر مسجد ہی کے کسی اور حصے میں جا کر بیٹھ جاتے ہیں یا اپنی جائے نماز کو چھوڑ کر اپنی پچھلی والی صف میں بیٹھ جاتے ہیں اور وہاں اذکار کا اہتمام کرتے ہیں۔ ایسے لوگ اپنے اِس عمل کی وجہ سے ایک عظیم فائدے سے محروم رہ جاتے ہیں.
اور وہ فائدہ یہ ہے کہ انہیں فرشتوں کی رحمت و مغفرت کی دعا نہیں مل پاتی ہے کیونکہ نبی کریم ﷺ نے فرمایا ہے:
”وَالمَلاَئِكَةُ تُصَلِّي عَلَى أَحَدِكُمْ مَا دَامَ فِي مُصَلَّاهُ الَّذِي يُصَلِّي فِيهِ، اللَّهُمَّ صَلِّ عَلَيْهِ، اللَّهُمَّ ارْحَمْهُ مَا لَمْ يُحْدِثْ فِيهِ، مَا لَمْ يُؤْذِ فِيهِ“
”اور جب تک تم مین سے کوئی اپنے مصلے پر بیٹھا رہتا ہے جہاں اُس نے نماز پڑھی ہے تو فرشتے برابر اُس کے لیے رحمت کی دعائیں یوں کرتے رہتے ہیں : ”اے اللہ! اُس پر اپنی رحمتیں نازل فرما، اے اللہ اس پر رحم فرما“۔ یہ اُس وقت تک ہوتا رہتا ہے جب تک وہ حدث کا شکار نہ ہو جائے، جب تک وہ تکلیف نہ پہنچائے “۔ (صحیح البخاری : 2119 و اللفظ لہ وصحیح مسلم : 649)

ایک دوسری روایت کے الفاظ اِس طرح ہیں:
” فَإِذَا صَلَّى، لَمْ تَزَلِ المَلاَئِكَةُ تُصَلِّي عَلَيْهِ، مَا دَامَ فِي مُصَلَّاهُ: اللَّهُمَّ صَلِّ عَلَيْهِ، اللَّهُمَّ ارْحَمْهُ“
”اور جب آدمی نماز سے فارغ ہو جاتا ہے تو فرشتے اُس وقت تک اُس کے لیے برابر دعائیں کرتے رہتے ہیں جب تک وہ اپنے مصلے پر بیٹھا رہتا ہے۔ کہتے ہیں : اے اللہ! اُس پر اپنی رحمتیں نازل فرما۔ اے اللہ! اُس پر رحم کر“۔ (صحیح البخاری : 647)

اور صحیح بخاری کی ایک روایت میں مغفرت کا بھی ذکر ہے، الفاظ اِس طرح ہیں:
”اللَّهُمَّ اغْفِرْ لَهُ، اللَّهُمَّ ارْحَمْهُ“
”اے اللہ! اُس کی مغفرت فرما۔ اے اللہ! اُس پر رحم فرما“۔ دیکھیں :(صحیح البخاری : 445)

مذکورہ تمام الفاظ کا خلاصہ یہ ہے کہ مصلی فرض نماز پڑھنے کے بعد اگر اپنی جائے نماز میں ہی بیٹھا رہے تو فرشتے اُس کے لیے رحمت و مغفرت کی دعا کرتے رہتے ہیں جب تک اس کا وضو نہ ٹوٹ جائے یا وہ کسی کو تکلیف نہ پہنچائے. 

اور ہم سب کو دعائے رحمت و مغفرت کی ضرورت ہے تاکہ اللہ ہم پر رحم فرمائے اور ہمیں بخش دے لہذا تمام مصلیوں سے گزارش ہے کہ فرض نماز پڑھنے کے بعد اپنی جائے نماز میں ہی بیٹھ کر اذکار کا اہتمام کریں تاکہ فرشتوں کی رحمت و مغفرت کی دعا حاصل ہوجائے۔ اللہ ہی توفیق دینے والا ہے۔

*وآخر دعوانا ان الحمد للہ رب العالمین.*

*حافظ اکبر علی اختر علی سلفی / عفا اللہ عنہ*
*صدر البلاغ اسلامک سینٹر*
*🗓️ 17 - ربیع الاول - 1442ھ*
*🗓️ 04 - نومبر - 2020ء*

No comments:

Post a Comment