Showing posts with label sirate nabi. Show all posts
Showing posts with label sirate nabi. Show all posts

Sirate nabi 37

ﺳﯿﺮﺕ ﺍﻟﻨﺒﯽ ﮐﺮﯾﻢ ﺻﻠﯽ ﺍﻟﻠﮧ ﻋﻠﯿﮧ ﻭﺁﻟﮧ ﻭﺳﻠﻢ ..
ﻗﺴﻂ ..37
ﻟﮍﮐﭙﻦ ﻣﯿﮟ ﺭﺳﻮﻝ ﺍﻟﻠﮧ ﺻﻠﯽ ﺍﻟﻠﮧ ﻋﻠﯿﮧ ﻭﺁﻟﮧ ﻭﺳﻠﻢ ﮐﺎ ﮐﻮﺋﯽ ﻣﻌﯿﻦ ﮐﺎﻡ ﻧﮧ ﺗﮭﺎ ﺍﻟﺒﺘﮧ ﯾﮧ ﺧﺒﺮ ﻣﺘﻮﺍﺗﺮ ﮨﮯ ﮐﮧ ﺁﭖ ﺑﮑﺮﯾﺎﮞ ﭼﺮﺍﺗﮯ ﺗﮭﮯ .. ﺁﭖ ﻧﮯ ﺑﻨﯽ ﺳﻌﺪ ﮐﯽ ﺑﮑﺮﯾﺎﮞ ﭼﺮﺍﺋﯿﮟ ﺍﻭﺭ ﻣﮑﮧ ﻣﯿﮟ ﺑﮭﯽ ﺍﮨﻞ ﻣﮑﮧ ﮐﯽ ﺑﮑﺮﯾﺎﮞ ﭼﻨﺪ ﻗﯿﺮﺍﻁ ﮐﮯ ﻋﻮﺽ ﭼﺮﺍﺗﮯ ﺗﮭﮯ .. ﺟﺐ ﺟﻮﺍﻥ ﮨﻮﺋﮯ ﺗﻮ ﺁﭖ ﺻﻠﯽ ﺍﻟﻠﮧ ﻋﻠﯿﮧ ﻭﺁﻟﮧ ﻭﺳﻠﻢ ﮐﻮ ﺣﺼﻮﻝ ِ ﻣﻌﺎﺵ ﮐﯽ ﻓﮑﺮ ﮨﻮﺋﯽ .. ﻣﮑﮧ ﻭﺍﺩﯼٔ ﻏﯿﺮ ﺫﯼ ﺯﺭﻉ ﻣﯿﮟ ﻭﺍﻗﻊ ﺗﮭﺎ .. ﻭﮨﺎﮞ ﺯﺭﺍﻋﺖ ﮐﺮﻧﮯ ﮐﺎ ﺗﻮ ﺳﻮﺍﻝ ﮨﯽ ﻧﮧ ﺗﮭﺎ ﺍﺱ ﻟﺌﮯ ﺁﭖ ﺻﻠﯽ ﺍﻟﻠﮧ ﻋﻠﯿﮧ ﻭﺁﻟﮧ ﻭﺳﻠﻢ ﻧﮯ ﺍﭘﻨﮯ ﺁﺑﺎﻭ ﺍﺟﺪﺍﺩ ﮐﯽ ﻃﺮﺡ ﺗﺠﺎﺭﺕ ﮐﺎ ﭘﯿﺸﮧ ﺍﭘﻨﺎﯾﺎ ..
ﺣﻀﻮﺭ ﺻﻠﯽ ﺍﻟﻠﮧ ﻋﻠﯿﮧ ﻭﺁﻟﮧ ﻭﺳﻠﻢ ﻧﮯ ﺍﭘﻨﮯ ﻭﺍﻟﺪ ﮐﮯ ﭼﮭﻮﮌﮮ ﮨﻮﺋﮯ ﺳﺮﻣﺎﯾﮧ ﮐﻮ ﺗﺠﺎﺭﺕ ﻣﯿﮟ ﻟﮕﺎﯾﺎ ﺍﻭﺭ ﺍﻥ ﻣﯿﻠﻮﮞ ﻣﯿﮟ ﺷﺮﮐﺖ ﮐﮯ ﻟﺌﮯ ﺳﻔﺮ ﺑﮭﯽ ﮐﺌﮯ .. ﭘﯿﺸﮧ ﺗﺠﺎﺭﺕ ﻣﯿﮟ ﺁﭖ ﻧﮯ ﮨﻤﯿﺸﮧ ﺍﻣﺎﻧﺖ ﺩﺍﺭﯼ ﺍﻭﺭ ﺩﯾﺎﻧﺖ ﮐﻮ ﭘﯿﺶ ﻧﻈﺮ ﺭﮐﮭﺎ .. ﺁﭖ ﺻﻠﯽ ﺍﻟﻠﮧ ﻋﻠﯿﮧ ﻭﺁﻟﮧ ﻭﺳﻠﻢ ﮐﮯ ﺍﯾﮏ ﺳﺎﺗﮭﯽ ﻋﺒﺪﺍﻟﻠﮧ ﺑﻦ ﺍﺑﯽ ﺍﻟﺤﻤﺴﺎٔ ﺑﯿﺎﻥ ﮐﺮﺗﮯ ﮨﯿﮟ ﮐﮧ ﻣﯿﮟ ﻧﮯ ﺁﭖ ﺳﮯ ﺍﯾﮏ ﺗﺠﺎﺭﺗﯽ ﻣﻌﺎﮨﺪﮦ ﮐﯿﺎ ﻟﯿﮑﻦ ﺑﺎﺕ ﭘﻮﺭﯼ ﻃﮯ ﮨﻮﻧﮯ ﺳﮯ ﻗﺒﻞ ﻣﺠﮭﮯ ﺍﯾﮏ ﺿﺮﻭﺭﯼ ﮐﺎﻡ ﯾﺎﺩ ﺁﯾﺎ ﺍﻭﺭ ﻣﯿﮟ ﻧﮯ ﺁﭖ ﺳﮯ ﮐﮩﺎ ﮐﮧ ﺁﭖ ﯾﮩﯿﮟ ﭨﮭﮩﺮﯾﮟ ﻣﯿﮟ ﺍﺑﮭﯽ ﺁﺗﺎ ﮨﻮﮞ ..
ﻭﮨﺎﮞ ﺟﺎ ﮐﺮ ﮐﺎﻡ ﻣﯿﮟ ﺍﯾﺴﺎ ﻣﺸﻐﻮﻝ ﮨﻮ ﮔﯿﺎ ﮐﮧ ﻣﺠﮭﮯ ﺁﭖ ﺳﮯ ﮐﯿﺎ ﮨﻮﺍ ﻋﺪﮦ ﯾﺎﺩ ﻧﮧ ﺁﯾﺎ .. ﺍﺗﻔﺎﻗﺎً ﺗﯿﻦ ﺭﻭﺯ ﺑﻌﺪ ﻣﯿﺮﺍ ﺍﺩﮬﺮ ﺳﮯ ﮔﺰﺭ ﮨﻮﺍ ﺗﻮ ﻣﯿﮟ ﻧﮯ ﺩﯾﮑﮭﺎ ﮐﮧ ﺁﭖ ﺻﻠﯽ ﺍﻟﻠﮧ ﻋﻠﯿﮧ ﻭﺁﻟﮧ ﻭﺳﻠﻢ ﻭﮨﯿﮟ ﺍﻧﺘﻈﺎﺭﮐﺮ ﺭﮨﮯ ﮨﯿﮟ .. ﻣﯿﮟ ﺍﺣﺴﺎﺱِ ﺷﺮﻣﻨﺪﮔﯽ ﮐﮯ ﺳﺎﺗﮫ ﺁﭖ ﮐﯽ ﻃﺮﻑ ﮔﯿﺎ ﺗﻮ ﺁﭖ ﺻﻠﯽ ﺍﻟﻠﮧ ﻋﻠﯿﮧ ﻭﺁﻟﮧ ﻭﺳﻠﻢ ﻧﮯ ﺻﺮﻑ ﺍﺗﻨﺎ ﻓﺮﻣﺎﯾﺎ ﮐﮧ ﺗﻢ ﻧﮯ ﻣﺠﮭﮯ ﺯﺣﻤﺖ ﺩﯼ .. ﺍﺱ ﻟﺌﮯ ﮐﮧ ﻣﯿﮟ ﺗﯿﻦ ﺩﻥ ﺳﮯ ﺍﺳﯽ ﺟﮕﮧ ﭘﺮ ﺗﻤﮩﺎﺭﺍ ﻣﻨﺘﻈﺮ ﮨﻮﮞ ..
ﺯﻣﺎﻧﮧ ﺟﺎﮨﻠﯿﺖ ﻣﯿﮟ ﻗﯿﺲ ﺑﻦ ﺍﻟﺴﺎﺋﺐ ﻣﺨﺰﻭﻣﯽ ﺁﭖ ﺻﻠﯽ ﺍﻟﻠﮧ ﻋﻠﯿﮧ ﻭﺁﻟﮧ ﻭﺳﻠﻢ ﮐﮯ ﺳﺎﺗﮫ ﺷﺮﯾﮏ ﺗﺠﺎﺭﺕ ﺗﮭﮯ .. ﻭﮦ ﺑﯿﺎﻥ ﮐﺮﺗﮯ ﮨﯿﮟ ﮐﮧ ﻣﯿﮟ ﻧﮯ ﻣﺤﻤﺪ ﺑﻦ ﻋﺒﺪﺍﻟﻠﮧ ‏( ﺻﻠﯽ ﺍﻟﻠﮧ ﻋﻠﯿﮧ ﻭﺁﻟﮧ ﻭﺳﻠﻢ ‏) ﺳﮯ ﺑﮩﺘﺮ ﺳﺎﺗﮭﯽ ﻧﮩﯿﮟ ﭘﺎﯾﺎ .. ﺍﮔﺮ ﮨﻢ ﺁﭖ ﮐﺎ ﺳﺎﻣﺎﻥ ﺗﺠﺎﺭﺕ ﻟﮯ ﮐﺮ ﺟﺎﺗﮯ ﺗﻮ ﻭﺍﭘﺴﯽ ﭘﺮ ﺁﭖ ﮨﻤﺎﺭﺍ ﺍﺳﺘﻘﺒﺎﻝ ﮐﺮﺗﮯ ﺍﻭﺭ ﺧﯿﺮ ﻭ ﻋﺎﻓﯿﺖ ﭘﻮﭼﮫ ﮐﺮ ﭼﻠﮯ ﺟﺎﺗﮯ .. ﺑﺮﺧﻼﻑ ﺍﺱ ﮐﮯ ﺍﮔﺮ ﺁﭖ ﺻﻠﯽ ﺍﻟﻠﮧ ﻋﻠﯿﮧ ﻭﺁﻟﮧ ﻭﺳﻠﻢ ﺗﺠﺎﺭﺗﯽ ﺳﻔﺮ ﺳﮯ ﻟﻮﭨﺘﮯ ﺗﻮ ﺟﺐ ﺗﮏ ﭘﺎﺋﯽ ﭘﺎﺋﯽ ﺑﮯ ﺑﺎﻕ ﻧﮧ ﮐﺮﺗﮯ ﺍﭘﻨﮯ ﮔﮭﺮ ﮐﻮ ﻧﮧ ﺟﺎﺗﮯ .. ﺗﺠﺎﺭﺕ ﻣﯿﮟ ﺁﭖ ﺻﻠﯽ ﺍﻟﻠﮧ ﻋﻠﯿﮧ ﻭﺁﻟﮧ ﻭﺳﻠﻢ ﮐﯽ ﺩﯾﺎﻧﺖ ﺩﺍﺭﯼ ﺍﻭﺭ ﻣﻌﺎﻣﻠﮧ ﻓﮩﻤﯽ ﮐﯽ ﺷﮩﺮﺕ ﺩﻭﺭ ﺩﻭﺭ ﺗﮏ ﭘﮭﯿﻞ ﭼﮑﯽ ﺗﮭﯽ ..
ﺣﻀﺮﺕ ﺧﺪﯾﺠﮧ ﺭﺿﯽ ﺍﻟﻠﮧ ﻋﻨﮩﺎ ﻗﺮﯾﺶ ﮐﯽ ﺩﻭﻟﺖ ﻣﻨﺪ ﺑﯿﻮﮦ ﺧﺎﺗﻮﻥ ﺗﮭﯿﮟ ﺟﻨﮭﯿﮟ ﻋﺮﺏ ﮐﮯ ﮐﺌﯽ ﻧﺎﻣﻮﺭ ﺭﺋﯿﺴﻮﮞ ﻧﮯ ﻧﮑﺎﺡ ﮐﺎ ﭘﯿﺎﻡ ﺩﯾﺎ ﺗﮭﺎ .. ﺍﻥ ﮐﮯ ﻭﺍﻟﺪ ﺧﻮﯾﻠﺪ ﺑﻦ ﺍﺳﺪ ﻧﮯ ﺑﮩﺘﺮﯾﻦ ﺗﺠﺎﺭﺗﯽ ﮐﺎﺭﻭﺑﺎﺭ ﻭﺭﺛﮧ ﻣﯿﮟ ﭼﮭﻮﮌﺍ ﺗﮭﺎ ﺍﺱ ﻟﺌﮯ ﺍﻧﮭﻮﮞ ﻧﮯ ﺑﮭﯽ ﺗﺠﺎﺭﺕ ﺟﺎﺭﯼ ﺭﮐﮭﯽ .. ﺍﭘﻨﺎ ﻣﺎﻝِ ﺗﺠﺎﺭﺕ ﺍُﺟﺮﺕ ﯾﺎ ﺷﺮﺍﮐﺖ ﭘﺮ ﺗﺎﺟﺮﻭﮞ ﮐﮯ ﮨﻤﺮﺍﮦ ﺭﻭﺍﻧﮧ ﮐﺮﺗﯿﮟ . ﺍﺑﺘﺪﺍﺋﯽ ﻋﻤﺮ ﻣﯿﮟ ﭼﭽﺎ ﺯﺍﺩ ﺑﮭﺎﺋﯽ ﺍﻭﺭ ﻣﺸﮩﻮﺭ ﻋﯿﺴﺎﺋﯽ ﻋﺎﻟﻢ " ﻭﺭﻗﮧ ﺑﻦ ﻧﻮﻓﻞ " ﺳﮯ ﻣﻨﺴﻮﺏ ﺗﮭﯿﮟ ﻟﯿﮑﻦ ﺷﺎﺩﯼ ﻧﮧ ﮨﻮﺳﮑﯽ .. 15 ﺳﺎﻝ ﮐﯽ ﻋﻤﺮ ﻣﯿﮟ ﺍﻥ ﮐﺎ ﭘﮩﻼ ﻧﮑﺎﺡ ﮨﻨﺪ ﺑﻦ ﻧﺒﺎﺵ ﺳﮯ ﮨﻮﺍ ﺟﻮ ﺍﺑﻮﮨﺎﻟﮧ ﮐﮯ ﻧﺎﻡ ﺳﮯ ﻣﺸﮩﻮﺭ ﺗﮭﮯ .. ﺍﻥ ﺳﮯ ﺩﻭ ﺑﭽﮯ ﭘﯿﺪﺍ ﮨﻮﺋﮯ ﺟﻮ ﺑﻌﺪ ﻣﯿﮟ ﺣﻀﻮﺭ ﺍﮐﺮﻡ ﺻﻠﯽ ﺍﻟﻠﮧ ﻋﻠﯿﮧ ﻭﺁﻟﮧ ﻭﺳﻠﻢ ﭘﺮ ﺍﯾﻤﺎﻥ ﻻﺋﮯ .. ﺍﺑﻮ ﮨﺎﻟﮧ ﮐﮯ ﺍﻧﺘﻘﺎﻝ ﮐﮯ ﻭﻗﺖ ﺣﻀﺮﺕ ﺧﺪﯾﺠﮧ ﺭﺿﯽ ﺍﻟﻠﮧ ﻋﻨﮩﺎ 21 ﺳﺎﻝ ﮐﯽ ﺗﮭﯿﮟ .. ﺁﭖ ﮐﺎ ﺩﻭﺳﺮﺍ ﻧﮑﺎﺡ ﻋﺘﯿﻖ ﺑﻦ ﻋﺎﯾﺪ ﻣﺨﺰﻭﻣﯽ ﺳﮯ ﮨﻮﺍ ﺟﻦ ﺳﮯ ﺍﯾﮏ ﻟﮍﮐﯽ ﭘﯿﺪﺍ ﮨﻮﺋﯽ ﺟﺲ ﻧﮯ ﺑﻌﺪ ﻣﯿﮟ ﺍﺳﻼﻡ ﻗﺒﻮﻝ ﮐﯿﺎ .. ﻋﺘﯿﻖ ﺑﻦ ﻋﺎﯾﺪ ﻣﺨﺰﻭﻣﯽ ﺑﮭﯽ ﺍﻧﺘﻘﺎﻝ ﮐﺮﮔﺌﮯ .. ﯾﮑﮯ ﺑﻌﺪ ﺩﯾﮕﺮﮮ ﺩﻭﻧﻮﮞ ﺷﻮﮨﺮﻭﮞ ﮐﮯ ﺍﻧﺘﻘﺎﻝ ﺳﮯ ﺣﻀﺮﺕ ﺧﺪﯾﺠﮧ ﺭﺿﯽ ﺍﻟﻠﮧ ﻋﻨﮩﺎ ﺩﻝ ﺑﺮﺩﺍﺷﺘﮧ ﮨﻮ ﮔﺌﯽ ﺗﮭﯿﮟ .. ﻣﺎﻟﯽ ﺩﻭﻟﺖ ﮐﮯ ﺳﺎﺗﮫ ﺳﺎﺗﮫ ﺍﻟﻠﮧ ﺗﻌﺎﻟﯽٰ ﻧﮯ ﺍﻧﮭﯿﮟ ﺩﻭﻟﺖِ ﺣُﺴﻦ ﺳﮯ ﺑﮭﯽ ﻧﻮﺍﺯﺍ ﺗﮭﺎ .. ﻧﮩﺎﯾﺖ ﺫﮨﯿﻦ ﺍﻭﺭ ﺳﻠﯿﻘﮧ ﻣﻨﺪ ﺗﮭﯿﮟ .. ﺍﻧﮩﯽ ﺧﺼﺎﺋﺺ ﮐﯽ ﻭﺟﮧ ﺳﮯ ﻭﮦ " ﻃﺎﮨﺮﮦ " ﮐﮯ ﻟﻘﺐ ﺳﮯ ﻣﺸﮩﻮﺭ ﺗﮭﯿﮟ ..
ﺟﺐ ﺍﻧﮩﯿﮟ ﺭﺳﻮﻝ ﺍﻟﻠﮧ ﺻﻠﯽ ﺍﻟﻠﮧ ﻋﻠﯿﮧ ﻭﺁﻟﮧ ﻭﺳﻠﻢ ﮐﯽ ﺭﺍﺳﺖ ﮔﻮﺋﯽ , ﺍﻣﺎﻧﺖ ﺍﻭﺭ ﻣﮑﺎﺭﻡِ ﺍﺧﻼﻕ ﮐﺎ ﻋﻠﻢ ﮨﻮﺍ ﺗﻮ ﺍﻧﮭﻮﮞ ﻧﮯ ﺍﯾﮏ ﭘﯿﻐﺎﻡ ﮐﮯ ﺫﺭﯾﻌﮯ ﭘﯿﺶ ﮐﺶ ﮐﯽ ﮐﮧ ﺁﭖ ﺍﻥ ﮐﺎ ﻣﺎﻝ ﻟﮯ ﮐﺮ ﺗﺠﺎﺭﺕ ﮐﮯ ﻟﯿﮯ ﻣﻠﮏ ﺷﺎﻡ ﺗﺸﺮﯾﻒ ﻟﮯ ﺟﺎﺋﯿﮟ .. ﻭﮦ ﺩﻭﺳﺮﮮ ﺗﺎﺟﺮﻭﮞ ﮐﻮ ﺟﻮ ﮐﭽﮫ ﺩﯾﺘﯽ ﮨﯿﮟ ﺍﺱ ﺳﮯ ﺑﮩﺘﺮ ﺍﺟﺮﺕ ﺁﭖ ﮐﻮ ﺩﯾﮟ ﮔﯽ .. ﺁﭖ ﺻﻠﯽ ﺍﻟﻠﮧ ﻋﻠﯿﮧ ﻭﺁﻟﮧ ﻭﺳﻠﻢ ﻧﮯ ﺍﭘﻨﮯ ﭼﭽﺎ ﺳﮯ ﻣﺸﻮﺭﮦ ﮐﺮﮐﮯ ﯾﮧ ﭘﯿﺶ ﮐﺶ ﻗﺒﻮﻝ ﮐﺮﻟﯽ ﺍﻭﺭ ﺍﻥ ﮐﺎ ﻣﺎﻝ ﻟﮯ ﮐﺮ ﻣﻠﮏ ﺷﺎﻡ ﺗﺸﺮﯾﻒ ﻟﮯ ﮔﺌﮯ .. ﺍﺱ ﺳﻔﺮ ﻣﯿﮟ ﺣﻀﺮﺕ ﺧﺪﯾﺠﮧ ﺭﺿﯽ ﺍﻟﻠﮧ ﻋﻨﮩﺎ ﮐﮯ ﺍﯾﮏ ﻏﻼﻡ ﻣﯿﺴﺮﮦ ﺑﮭﯽ ﺁﭖ ﮐﮯ ﺳﺎﺗﮫ ﺗﮭﮯ ﺟﻮ ﺁﭖ ﺻﻠﯽ ﺍﻟﻠﮧ ﻋﻠﯿﮧ ﻭﺁﻟﮧ ﻭﺳﻠﻢ ﮐﮯ ﺍﺧﻼﻕ ﻭ ﻋﺎﺩﺍﺕ ﺩﯾﮑﮫ ﮐﺮ ﺁﭖ ﮐﮯ ﮔﺮﻭﯾﺪﮦ ﮨﻮﮔﺌﮯ ..
ﺁﭖ ﺻﻠﯽ ﺍﻟﻠﮧ ﻋﻠﯿﮧ ﻭﺁﻟﮧ ﻭﺳﻠﻢ ﺳﻔﺮ ﺳﮯ ﻣﮑﮧ ﻭﺍﭘﺲ ﺗﺸﺮﯾﻒ ﻻﺋﮯ ﺗﻮ ﺣﻀﺮﺕ ﺧﺪﯾﺠﮧ ﺭﺿﯽ ﺍﻟﻠﮧ ﻋﻨﮩﺎ ﻧﮯ ﺍﭘﻨﮯ ﻣﺎﻝ ﻣﯿﮟ ﺍﯾﺴﯽ ﺍﻣﺎﻧﺖ ﻭﺑﺮﮐﺖ ﺩﯾﮑﮭﯽ ﺟﻮ ﺍﺱ ﺳﮯ ﭘﮩﻠﮯ ﮐﺒﮭﯽ ﻧﮧ ﺩﯾﮑﮭﯽ ﺗﮭﯽ .. ﻣﺎﻝ ﮐﯽ ﺧﺮﯾﺪ ﻭ ﻓﺮﻭﺧﺖ ﮐﺎ ﺣﺴﺎﺏ ﺁﭖ ﺻﻠﯽ ﺍﻟﻠﮧ ﻋﻠﯿﮧ ﻭﺁﻟﮧ ﻭﺳﻠﻢ ﻧﮯ ﺣﻀﺮﺕ ﺧﺪﯾﺠﮧ ﺭﺿﯽ ﺍﻟﻠﮧ ﻋﻨﮩﺎ ﮐﻮ ﺩﯾﺎ ﺗﻮ ﻣﻨﺎﻓﻊ ﺩﻭﮔﻨﮯ ﺳﮯ ﺯﯾﺎﺩﮦ ﺗﮭﺎ .. ﺣﻀﺮﺕ ﺧﺪﯾﺠﮧ ﺭﺿﯽ ﺍﻟﻠﮧ ﻋﻨﮩﺎ ﻧﮯ ﺑﮭﯽ ﻃﮯ ﺷﺪﮦ ﻣﻌﺎﻭﺿﮧ ﮐﺎ ﺩﻭﭼﻨﺪ ﺁﭖ ﮐﻮ ﺩﯾﺎ ﯾﻌﻨﯽ ﺑﺠﺎﺋﮯ ﭼﺎﺭ ﺍﻭﻧﭧ ﮐﮯ ﺁﭨﮫ ﺍﻭﻧﭧ ﻣﻌﺎﻭﺿﮧ ﻣﯿﮟ ﺩﯾﺌﮯ ..
ﺍﺩﮬﺮ ﺍﻥ ﮐﮯ ﻏﻼﻡ ﻣَﯿْﺴَﺮﮦ ﻧﮯ ﺁﭖ ﺻﻠﯽ ﺍﻟﻠﮧ ﻋﻠﯿﮧ ﻭﺁﻟﮧ ﻭﺳﻠﻢ ﮐﮯ ﺷﺮﯾﮟ ﺍﺧﻼﻕ , ﺑﻠﻨﺪ ﭘﺎﯾﮧ ﮐﺮﺩﺍﺭ , ﻣﻮﺯﻭﮞ ﺍﻧﺪﺍﺯِ ﻓﮑﺮ , ﺭﺍﺳﺖ ﮔﻮﺋﯽ ﺍﻭﺭ ﺍﻣﺎﻧﺖ ﺩﺍﺭﺍﻧﮧ ﻃﻮﺭ ﻃﺮﯾﻖ ﮐﮯ ﻣﺘﻌﻠﻖ ﺍﭘﻨﮯ ﻣﺸﺎﮨﺪﺍﺕ ﺑﯿﺎﻥ ﮐﯿﮯ ﺗﻮ ﺣﻀﺮﺕ ﺧﺪﯾﺠﮧ ﺭﺿﯽ ﺍﻟﻠﮧ ﻋﻨﮩﺎ ﮐﻮ ﺍﭘﻨﺎ ﮔﻢ ﮔﺸﺘﮧ ﮔﻮﮨﺮِ ﻣﻄﻠﻮﺏ ﺩﺳﺘﯿﺎﺏ ﮨﻮﮔﯿﺎ .. ﺣﻀﻮﺭ ﺻﻠﯽ ﺍﻟﻠﮧ ﻋﻠﯿﮧ ﻭﺁﻟﮧ ﻭﺳﻠﻢ ﮐﯽ ﻋﻤﺮ ﺍﺱ ﻭﻗﺖ 25 ﺳﺎﻝ ﮨﻮﭼﮑﯽ ﺗﮭﯽ ﺍﻭﺭ ﺣﻀﺮﺕ ﺧﺪﯾﺠﮧ ﺭﺿﯽ ﺍﻟﻠﮧ ﻋﻨﮩﺎ ﮐﯽ ﻋﻤﺮ ﭼﺎﻟﯿﺲ ﺳﺎﻝ ﺗﮭﯽ .. ﺣﻀﺮﺕ ﺧﺪﯾﺠﮧ ﺭﺿﯽ ﺍﻟﻠﮧ ﻋﻨﮩﺎ ﻧﮯ ﺣﻀﻮﺭ ﺻﻠﯽ ﺍﻟﻠﮧ ﻋﻠﯿﮧ ﻭﺁﻟﮧ ﻭﺳﻠﻢ ﮐﯽ ﺳﺘﻮﺩﮦ ﺻﻔﺎﺕ ﺳﮯ ﻣﺘﺎﺛﺮ ﮨﻮﮐﺮ ﺧﻮﺩ ﮨﯽ ﺍﭘﻨﯽ ﺳﮩﯿﻠﯽ ﻧﻔﯿﺴﮧ ﺑﻨﺖ ﻣﻨﯿﮧّ ﮐﮯ ﺫﺭﯾﻌﮧ ﺁﭖ ﮐﯽ ﺧﺪﻣﺖ ﻣﯿﮟ ﻧﮑﺎﺡ ﮐﺎ ﭘﯿﻐﺎﻡ ﺑﮭﯿﺠﺎ .. ﺣﻀﻮﺭ ﺻﻠﯽ ﺍﻟﻠﮧ ﻋﻠﯿﮧ ﻭﺁﻟﮧ ﻭﺳﻠﻢ ﻧﮯ ﺍﭘﻨﯽ ﺭﺿﺎ ﻣﻨﺪﯼ ﻇﺎﮨﺮ ﮐﯽ ﺍﻭﺭ ﺍﭘﻨﮯ ﮨﻢ ﻋﻤﺮ ﭼﭽﺎ ﺍﻭﺭ ﺩﻭﺩﮪ ﺷﺮﯾﮏ ﺑﮭﺎﺋﯽ ﺣﻀﺮﺕ ﺣﻤﺰﮦ ﺭﺿﯽ ﺍﻟﻠﮧ ﻋﻨﮧ ﺳﮯ ﺫﮐﺮ ﮐﯿﺎ ﺟﻨﮭﻮﮞ ﻧﮯ ﺍﮨﻞِ ﺧﺎﻧﺪﺍﻥ ﺳﮯ ﻣﺸﻮﺭﮦ ﮐﺮﮐﮯ ﺧﻮﺩ ﮨﯽ ﺟﺎ ﮐﺮ ﭘﯿﺎﻡ ﻣﻨﻈﻮﺭ ﮐﺮﻟﯿﺎ .. ﭼﻨﺎﻧﭽﮧ ﺁﭖ ﮐﺎ ﺣﻀﺮﺕ ﺧﺪﯾﺠﮧ ﺭﺿﯽ ﺍﻟﻠﮧ ﻋﻨﮩﺎ ﺳﮯ ﻧﮑﺎﺡ ﮨﻮﺍ ﺟﺲ ﻣﯿﮟ ﺣﻀﺮﺕ ﺧﺪﯾﺠﮧ ﺭﺿﯽ ﺍﻟﻠﮧ ﻋﻨﮩﺎ ﮐﯽ ﺟﺎﻧﺐ ﺳﮯ ﺍﻥ ﮐﮯ ﭼﭽﺎ ﻋﻤﺮﻭ ﺑﻦ ﺍﺳﺪ ﺍﻭﺭ ﺣﻀﻮﺭ ﺻﻠﯽ ﺍﻟﻠﮧ ﻋﻠﯿﮧ ﻭﺁﻟﮧ ﻭﺳﻠﻢ ﮐﯽ ﺟﺎﻧﺐ ﺳﮯ ﺣﻀﺮﺕ ﺍﺑﻮ ﻃﺎﻟﺐ , ﺣﻀﺮﺕ ﺣﻤﺰﮦ ﺭﺿﯽ ﺍﻟﻠﮧ ﻋﻨﮧ , ﺣﻀﺮﺕ ﺍﺑﻮﺑﮑﺮ ﺭﺿﯽ ﺍﻟﻠﮧ ﻋﻨﮧ ﺍﻭﺭ ﺳﺮﺩﺍﺭﺍﻥِ ﻗﺮﯾﺶ ﺷﺮﯾﮏ ﺗﮭﮯ .. ﻣﮩﺮ ﺑﮧ ﺍﺧﺘﻼﻑ ﺭﻭﺍﯾﺎﺕ 20 ﺍﻭﻧﭧ , 400 ﺩﯾﻨﺎﺭ ﯾﺎ 500 ﺩﺭﮨﻢ ﻗﺮﺍﺭ ﭘﺎﯾﺎ ..
ﯾﮩﺎﮞ ﺍﺱ ﺑﺎﺕ ﮐﯽ ﺻﺮﺍﺣﺖ ﺿﺮﻭﺭﯼ ﮨﮯ ﮐﮧ ﻋﺎﻡ ﺭﻭﺍﯾﺖ ﮐﯽ ﺑﻤﻮﺟﺐ ﻧﮑﺎﺡ ﮐﮯ ﻭﻗﺖ ﺣﻀﺮﺕ ﺧﺪﯾﺠﮧ ﺭﺿﯽ ﺍﻟﻠﮧ ﻋﻨﮩﺎ ﮐﯽ ﻋﻤﺮ ﭼﺎﻟﯿﮟ ﺳﺎﻝ ﺑﺘﺎﺋﯽ ﺟﺎﺗﯽ ﮨﮯ ﻟﯿﮑﻦ ﺑﯿﻦ ﺍﻻﻗﻮﺍﻣﯽ ﺷﮩﺮﺕ ﮐﮯ ﺣﺎﻣﻞ ﺍﺳﮑﺎﻟﺮ ﺍﻭﺭ ﺳﯿﺮﺕ ﻧﮕﺎﺭ ﮈﺍﮐﭩﺮ ﻣﺤﻤﺪ ﺣﻤﯿﺪ ﺍﻟﻠﮧ ﻧﮯ ﺍﭘﻨﯽ ﮐﺘﺎﺏ " ﺭﺳﻮﻝ ﺍﮐﺮﻡ ﺻﻠﯽ ﺍﻟﻠﮧ ﻋﻠﯿﮧ ﻭﺁﻟﮧ ﻭﺳﻠﻢ ﮐﯽ ﺳﯿﺎﺳﯽ ﺯﻧﺪﮔﯽ " ﻣﯿﮟ ﻣﺤﻤﺪ ﺑﻦ ﺣﺒﯿﺐ ﺑﻐﺪﺍﺩﯼ ﻣﺼﻨﻒ ﮐﺘﺎﺏ " ﺍﻟﻤﺤﺒّﺮ " ﮐﮯ ﺣﻮﺍﻟﮧ ﺳﮯ 28 ﺳﺎﻝ ﺑﺘﺎﺋﯽ ﮨﮯ ..
ﺍﭨﮭﺎﺋﯿﺲ ﺳﺎﻝ ﮐﯽ ﻣﺰﯾﺪ ﺗﺎﺋﯿﺪ ﺍﻟﺰﺭﻗﺎﻧﯽ ﮐﮯ ﺑﯿﺎﻥ ﺳﮯ ﺑﮭﯽ ﮨﻮﺗﯽ ﮨﮯ .. ﻭﮦ ﺍﻟﻘﺴﻄﻼﻧﯽ ﮐﯽ ﮐﺘﺎﺏ ﺍﻟﻤﻮﺍﮬﺐ ﮐﯽ ﻣﺸﮩﻮﺭ ﺷﺮﺡ ﺍﻟﻤﻐﻠﻄﺎﺋﯽ ﮐﮯ ﺣﻮﺍﻟﮧ ﺳﮯ ﻟﮑﮭﺘﮯ ﮨﯿﮟ " ﺍﻭﺭ ﯾﮧ ﺑﮭﯽ ﮐﮩﺎ ﺟﺎﺗﺎ ﮨﮯ ﮐﮧ ﻭﮦ 28 ﺳﺎﻝ ﮐﯽ ﺗﮭﯿﮟ ﺟﯿﺴﺎ ﮐﮧ ﺍﻟﻤﻐﻠﻄﺎﺋﯽ ﺍﻭﺭ ﺩﻭﺳﺮﻭﮞ ﻧﮯ ﺑﯿﺎﻥ ﮐﯿﺎ ﮨﮯ ".. ‏( ﺍﻟﺰﺭﻗﺎﻧﯽ , ﺟﻠﺪ 1 ‏)
ﺳﺐ ﺳﮯ ﺯﯾﺎﺩﮦ ﻭﻗﯿﻊ ﺑﺎﺕ ﺗﻮ ﯾﮧ ﮨﮯ ﮐﮧ ﺍﺑﻦ ﺳﻌﺪ ‏( ﻣﺘﻮﻓﯽ ۲۳۰ﮨﺠﺮﯼ ‏) ﻧﮯ ﻋﺒﺪﺍﻟﻠﮧ ﺑﻦ ﻋﺒﺎﺱ ﮐﯽ ﺳﻨﺪ ﺳﮯ ﺭﻭﺍﯾﺖ ﻟﮑﮭﯽ ﮨﮯ ﮐﮧ ﺧﺪﯾﺠﮧ ﺭﺿﯽ ﺍﻟﻠﮧ ﻋﻨﮩﺎ ﮐﯽ ﻋﻤﺮ ﺟﺲ ﺩﻥ ﺭﺳﻮﻝ ﺍﮐﺮﻡ ﺻﻠﯽ ﺍﻟﻠﮧ ﻋﻠﯿﮧ ﻭﺁﻟﮧ ﻭﺳﻠﻢ ﻧﮯ ﺍﻥ ﺳﮯ ﻧﮑﺎﺡ ﮐﯿﺎ , 28 ﺳﺎﻝ ﺗﮭﯽ .. ‏( ﻃﺒﻘﺎﺕ , ﺟﻠﺪ ۸ , ﻓﯽ ﺍﻟﻨﺴﺎﺀ ‏)
ﻧﮑﺎﺡ ﮐﮯ ﺑﻌﺪ ﺣﻀﻮﺭ ﺻﻠﯽ ﺍﻟﻠﮧ ﻋﻠﯿﮧ ﻭﺁﻟﮧ ﻭﺳﻠﻢ ﭼﻨﺪ ﺩﻥ ﺑﻨﯽ ﮨﺎﺷﻢ ﮐﮯ ﻣﺤﻠﮧ ﻣﯿﮟ ﮔﺰﺍﺭ ﮐﺮ ﺣﻀﺮﺕ ﺧﺪﯾﺠﮧ ﺭﺿﯽ ﺍﻟﻠﮧ ﻋﻨﮩﺎ ﮐﮯ ﻣﮑﺎﻥ ﻣﯿﮟ ﺁﮔﺌﮯ .. ﺣﻀﺮﺕ ﺧﺪﯾﺠﮧ ﺭﺿﯽ ﺍﻟﻠﮧ ﻋﻨﮩﺎ ﻧﮯ ﺁﭖ ﮐﯽ ﺧﺪﻣﺖ ﮐﮯ ﻟﺌﮯ ﺍﯾﮏ ﻏﻼﻡ ﺯﯾﺪ ﺑﻦ ﺣﺎﺭﺛﮧ ﺭﺿﯽ ﺍﻟﻠﮧ ﻋﻨﮧ ﮐﻮ ﭘﯿﺶ ﮐﯿﺎ ﺟﻮ ﺍﺱ ﻭﻗﺖ ﭘﻨﺪﺭﮦ ﺳﺎﻝ ﮐﮯ ﺗﮭﮯ ﺍﻭﺭ ﺟﻨﮭﯿﮟ ﺑﭽﭙﻦ ﻣﯿﮟ ﮈﺍﮐﻮﺅﮞ ﻧﮯ ﻋُﮑّﺎﻅ ﮐﮯ ﺑﺎﺯﺍﺭ ﻣﯿﮟ ﺣﮑﯿﻢ ﺑﻦ ﺣﺰﺍﻡ ﮐﮯ ﮨﺎﺗﮫ ﻓﺮﻭﺧﺖ ﮐﺮﺩﯾﺎ ﺗﮭﺎ ﺍﻭﺭ ﺑﻌﺪ ﻣﯿﮟ ﺍﻧﮩﻮﮞ ﻧﮯ ﺍﭘﻨﯽ ﭘﮭﻮﭘﮭﯽ ﺣﻀﺮﺕ ﺧﺪﯾﺠﮧ ﺭﺿﯽ ﺍﻟﻠﮧ ﻋﻨﮩﺎ ﮐﯽ ﻧﺬﺭ ﮐﯿﺎ ﺗﮭﺎ .. ﮐﭽﮫ ﻋﺮﺻﮧ ﺑﻌﺪ ﺯﯾﺪ ﺭﺿﯽ ﺍﻟﻠﮧ ﻋﻨﮧ ﮐﮯ ﺑﺎﭖ ﮐﻮ ﻣﻌﻠﻮﻡ ﮨﻮﺍ ﮐﮧ ﺯﯾﺪ ﺯﻧﺪﮦ ﮨﯿﮟ ﺗﻮ ﺑﺎﭖ ﺍﻭﺭ ﭼﭽﺎ ﺩﻭﻧﻮﮞ ﻧﮯ ﺣﻀﻮﺭ ﺻﻠﯽ ﺍﻟﻠﮧ ﻋﻠﯿﮧ ﻭﺁﻟﮧ ﻭﺳﻠﻢ ﮐﯽ ﺧﺪﻣﺖ ﺣﺎﺿﺮ ﮨﻮ ﮐﺮ ﺍﻧﮭﯿﮟ ﺍﻥ ﮐﮯ ﺣﻮﺍﻟﮯ ﮐﺮﻧﮯ ﮐﯽ ﺩﺭﺧﻮﺍﺳﺖ ﮐﯽ ﺟﺲ ﭘﺮ ﺣﻀﻮﺭ ﺻﻠﯽ ﺍﻟﻠﮧ ﻋﻠﯿﮧ ﻭﺁﻟﮧ ﻭﺳﻠﻢ ﻧﮯ ﺯﯾﺪ ﺭﺿﯽ ﺍﻟﻠﮧ ﻋﻨﮧ ﺳﮯ ﻓﺮﻣﺎﯾﺎ ﮐﮧ ﺗﻤﮩﺎﺭﮮ ﺑﺎﭖ ﺍﻭﺭ ﭼﭽﺎ ﺗﻤﮩﯿﮟ ﻟﯿﻨﮯ ﺁﺋﮯ ﮨﯿﮟ ﺍﺏ ﺗﻤﮩﯿﮟ ﺍﺧﺘﯿﺎﺭ ﮨﮯ ﮐﮧ ﭼﺎﮨﻮ ﺗﻮ ﺍﻥ ﮐﮯ ﺳﺎﺗﮫ ﺍﭘﻨﮯ ﻭﻃﻦ ﻟﻮﭦ ﺟﺎﺅ , ﭼﺎﮨﻮ ﺗﻮ ﻣﯿﺮﮮ ﺳﺎﺗﮫ ﺭﮨﻮ .. ﺍﺱ ﭘﺮ ﺯﯾﺪ ﺭﺿﯽ ﺍﻟﻠﮧ ﻋﻨﮧ ﻧﮯ ﺍﭘﻨﮯ ﺑﺎﭖ ﺍﻭﺭ ﭼﭽﺎ ﮐﮯ ﺳﺎﺗﮫ ﺟﺎﻧﮯ ﮐﮯ ﻣﻘﺎﺑﻠﮧ ﻣﯿﮟ ﺣﻀﻮﺭ ﺻﻠﯽ ﺍﻟﻠﮧ ﻋﻠﯿﮧ ﻭﺁﻟﮧ ﻭﺳﻠﻢ ﮐﮯ ﺳﺎﺗﮫ ﺭﮨﻨﮯ ﮐﻮ ﺗﺮﺟﯿﺢ ﺩﯼ ..
ﺍﺱ ﮐﮯ ﺑﻌﺪ ﺣﺴﺐ ﺩﺳﺘﻮﺭ ﺣﻀﻮﺭ ﺻﻠﯽ ﺍﻟﻠﮧ ﻋﻠﯿﮧ ﻭﺁﻟﮧ ﻭﺳﻠﻢ ﺯﯾﺪ ﺭﺿﯽ ﺍﻟﻠﮧ ﻋﻨﮧ ﮐﻮ ﺳﺎﺗﮫ ﻟﮯ ﮐﺮ ﺣﺮﻡ ﮐﻌﺒﮧ ﻣﯿﮟ ﺁﺋﮯ ﺍﻭﺭ ﺣﻄﯿﻢ ﮐﮯ ﭘﺎﺱ ﺟﺎ ﮐﺮ ﺍﻋﻼﻥ ﻓﺮﻣﺎﯾﺎ .. " ﻟﻮﮔﻮ ! ﮔﻮﺍﮦ ﺭﮨﻨﺎ ﮐﮧ ﺯﯾﺪ ﺁﺯﺍﺩ ﮨﮯ ﺍﻭﺭ ﺁﺝ ﺳﮯ ﻭﮦ ﻣﯿﺮﺍ ﺑﯿﭩﺎ ﮨﮯ ".. ﯾﮧ ﺍﻋﻼﻥ ﺳُﻦ ﮐﺮ ﺍُﻥ ﮐﮯ ﺑﺎﭖ ﺍﻭﺭ ﭼﭽﺎ ﺑﮩﺖ ﺧﻮﺵ ﮨﻮﺋﮯ ﺍﻭﺭ ﺍﭘﻨﮯ ﻭﻃﻦ ﻭﺍﭘﺲ ﻟﻮﭦ ﮔﺌﮯ .. ﺣﻀﺮﺕ ﺯﯾﺪ ﺭﺿﯽ ﺍﻟﻠﮧ ﻋﻨﮧ ﮐﻮ ﯾﮧ ﺍﻋﺰﺍﺯ ﺣﺎﺻﻞ ﮨﮯ ﮐﮧ ﻭﮦ ﻭﺍﺣﺪ ﺻﺤﺎﺑﯽ ﮨﯿﮟ ﺟﻦ ﮐﺎ ﻧﺎﻡ ﻗﺮﺁﻥ ﻣﺠﯿﺪ ﻣﯿﮟ ﺁﯾﺎ ﮨﮯ ..
ﺣﻀﺮﺕ ﺧﺪﯾﺠﮧ ﺭﺿﯽ ﺍﻟﻠﮧ ﻋﻨﮩﺎ ﭘﮩﻠﯽ ﺧﺎﺗﻮﻥ ﺗﮭﯿﮟ ﺟﻦ ﺳﮯ ﺭﺳﻮﻝ ﺍﻟﻠﮧ ﺻﻠﯽ ﺍﻟﻠﮧ ﻋﻠﯿﮧ ﻭﺁﻟﮧ ﻭﺳﻠﻢ ﻧﮯ ﺷﺎﺩﯼ ﮐﯽ ﺍﻭﺭ ﺍﻥ ﮐﯽ ﻭﻓﺎﺕ ﺗﮏ ﮐﺴﯽ ﺩﻭﺳﺮﯼ ﺧﺎﺗﻮﻥ ﺳﮯ ﺷﺎﺩﯼ ﻧﮩﯿﮟ ﮐﯽ .. ﺣﻀﺮﺕ ﺍﺑﺮﺍﮨﯿﻢ ﺭﺿﯽ ﺍﻟﻠﮧ ﻋﻨﮧ ﮐﮯ ﻋﻼﻭﮦ ﺭﺳﻮﻝ ﺍﻟﻠﮧ ﺻﻠﯽ ﺍﻟﻠﮧ ﻋﻠﯿﮧ ﻭﺁﻟﮧ ﻭﺳﻠﻢ ﮐﯽ ﺑﻘﯿﮧ ﺗﻤﺎﻡ ﺍﻭّﻻﺩ ﺍﻧﮩﯽ ﮐﮯ ﺑﻄﻦ ﺳﮯ ﺗﮭﯿﮟ .. ﺳﺐ ﺳﮯ ﭘﮩﻠﮯ ﻗﺎﺳﻢ ﺭﺿﯽ ﺍﻟﻠﮧ ﻋﻨﮧ ﭘﯿﺪﺍ ﮨﻮﺋﮯ ﺍﻭﺭ ﺍﻧﮩﯽ ﮐﮯ ﻧﺎﻡ ﭘﺮ ﺁﭖ ﮐﯽ ﮐﻨﯿﺖ ﺍﺑﻮﺍﻟﻘﺎﺳﻢ ﭘﮍﯼ .. ﭘﮭﺮ ﺣﻀﺮﺕ ﺯﯾﻨﺐ ﺭﺿﯽ ﺍﻟﻠﮧ ﻋﻨﮩﺎ , ﺭﻗﯿﮧ ﺭﺿﯽ ﺍﻟﻠﮧ ﻋﻨﮩﺎ , ﺍُﻡ ﮐﻠﺜﻮﻡ ﺭﺿﯽ ﺍﻟﻠﮧ ﻋﻨﮩﺎ , ﻓﺎﻃﻤﮧ ﺭﺿﯽ ﺍﻟﻠﮧ ﻋﻨﮩﺎ ﺍﻭﺭ ﻋﺒﺪﺍﻟﻠﮧ ﺭﺿﯽ ﺍﻟﻠﮧ ﻋﻨﮧ ﭘﯿﺪﺍ ﮨﻮﺋﮯ .. ﻋﺒﺪﺍﻟﻠﮧ ﺭﺿﯽ ﺍﻟﻠﮧ ﻋﻨﮧ ﮐﺎ ﻟﻘﺐ ﻃﯿﺐ ﺍﻭﺭ ﻃﺎﮨﺮ ﺗﮭﺎ .. ﺁﭖ ﺻﻠﯽ ﺍﻟﻠﮧ ﻋﻠﯿﮧ ﻭﺁﻟﮧ ﻭﺳﻠﻢ ﮐﮯ ﺳﺐ ﺑﭽﮯ ﺑﭽﭙﻦ ﮨﯽ ﻣﯿﮟ ﺍﻧﺘﻘﺎﻝ ﮐﺮ ﮔﺌﮯ ﺍﻟﺒﺘﮧ ﺑﭽﯿﻮﮞ ﻣﯿﮟ ﺳﮯ ﮨﺮ ﺍﯾﮏ ﻧﮯ ﺍﺳﻼﻡ ﮐﺎ ﺯﻣﺎﻧﮧ ﭘﺎﯾﺎ , ﻣﺴﻠﻤﺎﻥ ﮨﻮﺋﯿﮟ ﺍﻭﺭ ﮨﺠﺮﺕ ﮐﮯ ﺷﺮﻑ ﺳﮯ ﻣﺸﺮﻑ ﮨﻮﺋﯿﮟ ﻟﯿﮑﻦ ﺣﻀﺮﺕ ﻓﺎﻃﻤﮧ ﺭﺿﯽ ﺍﻟﻠﮧ ﻋﻨﮩﺎ ﮐﮯ ﺳﻮﺍ ﺑﺎﻗﯽ ﺳﺐ ﮐﺎ ﺍﻧﺘﻘﺎﻝ ﺁﭖ ﮐﯽ ﺯﻧﺪﮔﯽ ﮨﯽ ﻣﯿﮟ ﮨﻮﮔﯿﺎ .. ﺣﻀﺮﺕ ﻓﺎﻃﻤﮧ ﺭﺿﯽ ﺍﻟﻠﮧ ﻋﻨﮩﺎ ﮐﯽ ﻭﻓﺎﺕ ﺁﭖ ﺻﻠﯽ ﺍﻟﻠﮧ ﻋﻠﯿﮧ ﻭﺁﻟﮧ ﻭﺳﻠﻢ ﮐﮯ ﭼﮫ ﻣﺎﮦ ﺑﻌﺪ ﮨﻮﺋﯽ ..
<=========== ﺟﺎﺭﯼ ﮬﮯ ..
ﺳﯿﺮﺕ ﺍﻟﻤﺼﻄﻔﯽٰ .. ﻣﻮﻻﻧﺎ ﻣﺤﻤﺪ ﺍﺩﺭﯾﺲ ﮐﺎﻧﺪﮨﻠﻮﯼ ..
ﺍﻟﺮﺣﯿﻖ ﺍﻟﻤﺨﺘﻮﻡ .. ﻣﻮﻻﻧﺎ ﺻﻔﯽ ﺍﻟﺮﺣﻤﻦ ﻣﺒﺎﺭﮐﭙﻮﺭﯼ  رحمھمااللہ
منقول :ڈاکٹرزبیراحمدحفظہ اللہ
الداعی الی الخیر؛عبدالستار بدرجی گوگی

Sirate nabi 61

سیرت النبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم..

قسط 61..

ان دونوں بطلِ جلیل یعنی حضرت حمزہ بن عبد المطلب اور حضرت عمر بن خطاب رضی اللہ عنہما کے مسلمان ہوجانے کے بعد ظلم وطغیان کے بادل چھٹنا شروع ہوگئے اور مسلمانوں کو جور وستم کا تختۂ مشق بنانے کے لیے مشرکین پر جو بدمستی چھائی تھی اس کی جگہ سوجھ بوجھ نے لینی شروع کی.. چنانچہ دانشوران کفر نے "دارالندہ" میں تمام سرداروں کو جمع کرکے مشورہ کیا جس میں طے ہوا کہ سب مل کر محمد (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) سے راست گفتگو کریں.. اس کے بعد ایک دن سورج ڈوبنے کے بعد کعبہ کی پشت پر جمع ہوئے اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو بلا بھیجا..

آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم خیر کی توقع لیے ہوئے جلدی سے تشریف لائے.. جب ان کے درمیان بیٹھ چکے تو انہوں نے ویسی ہی باتیں کہیں جیسی عتبہ نے کہی تھیں اور وہی پیشکش کی جو عتبہ نے کی تھی.. شاید ان کا خیال رہا ہو کہ ممکن ہے تنہا عتبہ کے پیشکش کرنے سے آپ کو پورا اطمینان نہ ہوا ہو , اس لیے جب سارے رؤساء مل کر اس پیشکش کو دہرائیں گے تو اطمینان ہوجائے گا اور آپ اسے قبول کر لیں گے مگر آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا..

"میرے ساتھ وہ بات نہیں جو آپ لوگ کہہ رہے ہیں.. میں آپ لوگوں کے پاس جو کچھ لے کر آیا ہوں وہ اس لیے نہیں لے کر آیا ہوں کہ مجھے آپ کا مال مطلوب ہے یا آپ کے اندر شرف مطلوب ہے یا آپ پر حکمرانی مطلوب ہے.. نہیں بلکہ مجھے اللہ نے آپ کے پاس پیغمبر بنا کر بھیجا ہے.. مجھ پر اپنی کتاب اتاری ہے اور مجھے حکم دیا ہے کہ میں آپ کو خوشخبری دوں اور ڈراؤں.. لہٰذا میں نے آپ لوگوں تک اپنے رب کے پیغامات پہنچا دیے اور آپ لوگوں کو نصیحت کردی.. اب اگر آپ لوگ میری لائی ہوئی بات قبول کرتے ہیں تو یہ دنیا اور آخرت میں آپ کا نصیب ہے اور اگر رد کرتے ہیں تو میں اللہ کے امر کا انتظار کروں گا.. یہاں تک کہ وہ میرے اور آپ کے درمیان فیصلہ فرمادے.."

اس جواب کے بعد انہوں نے ایک دوسرا پہلو بدلا.. کہنے لگے.. "آپ اپنے رب سے سوال کریں کہ وہ ہمارے پاس سے ان پہاڑوں کو ہٹا کر کھلا ہوا میدان بنادے او راس میں ندیاں جاری کردے اور ہمارے مُردوں بالخصوص قصی بن کلاب کو زندہ کر لائے.. اگر وہ آپ کی تصدیق کردیں تو ہم بھی ایمان لے آئیں گے.." آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ان کی اس بات کا بھی وہی جواب دیا..

اس کے انہوں نے ایک تیسر اپہلو بدلا.. کہنے لگے.. "آپ اپنے رب سے سوال کریں کہ وہ ایک فرشتہ بھیج دے جو آپ کی تصدیق کرے اور جس سے ہم آپ کے بارے میں مراجعہ بھی کرسکیں اور یہ بھی سوال کریں کہ آپ کے لیے باغات ہوں , خزانے ہوں اور سونے چاندی کے محل ہوں.." آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اس بات کا بھی وہی جواب دیا..

اس کے بعد انہوں نے ایک چوتھا پہلو بدلا.. کہنے لگے.. "اچھا تو آپ ہم پر عذاب ہی لادیجیے اور آسمان کا کوئی ٹکڑا ہی گرادیجیے جیسا کہ آپ کہتے ہیں اور دھمکیاں دیتے رہتے ہیں.."

آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا.. "اس کا اختیار اللہ کو ہے.. وہ چاہے تو ایسا کر سکتا ہے.."

انہوں نے کہا.. "کیا آپ کے رب کو معلوم نہ تھا کہ ہم آپ کے ساتھ بیٹھیں گے , آپ سے سوال وجواب کریں گے اور آپ سے مطالبے کریں گے کہ وہ سکھا دیتا کہ آپ ہمیں کیا جواب دیں گے اور اگر ہم نے آپ کی بات نہ مانی تو وہ ہمارے ساتھ کیا کرے گا..؟"پھر اخیر میں انہوں نے سخت دھمکی دی اور کہنے لگے.. "سن لو ! جوکچھ کر چکے ہو اس کے بعد ہم تمہیں یوں ہی نہیں چھوڑیں گے بلکہ یا تو تمہیں مٹادیں گے یا خود مٹ جائیں گے.."

یہ سن کر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اٹھ گئے اور اپنے گھر واپس آگئے.. آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو غم وافسوس تھا کہ جو توقع آپ نے باندھ رکھی وہ پوری نہ ہوئی..

جب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ان لوگوں کے پاس سے اٹھ کر واپس تشریف لے گئے تو ابوجہل نے انہیں مخاطب کر کے پورے غرور وتکبر کے ساتھ کہا.. "برادران قریش ! آپ دیکھ رہے ہیں کہ محمد (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) ہمارے دین کی عیب چینی , ہمارے آباء واجداد کی بدگوئی , ہماری عقلوں کی تخفیف اور ہمارے معبودوں کی تذلیل سے باز نہیں آتا.. اس لیے میں اللہ سے عہد کررہا ہوں کہ ایک بہت بھاری اور بمشکل اٹھنے والاپتھر لے کر بیٹھوں گا اور جب وہ سجدہ کرے گا تو اس پتھر سے اس کا سر کچل دوں گا.. اب اس کے بعد چاہے آپ لوگ مجھ کو بے یارومددگار چھوڑ دیں چاہے میری حفاظت کریں اور بنوعبد مناف بھی اس کے بعد جو جی چاہے کریں.."

لوگوں نے کہا.. "نہیں واللہ ! ہم تمہیں کبھی کسی معاملے میں بے یارو مدد گار نہیں چھوڑ سکتے.. تم جو کرنا چاہو کر گزرو.." چنانچہ صبح ہوئی تو ابوجہل ویسا ہی ایک پتھر لے کر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے انتظار میں بیٹھ گیا.. رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم حسب دستور تشریف لائے اور کھڑے ہوکر نماز پڑھنے لگے.. قریش بھی اپنی اپنی مجلسوں میں آچکے تھے اور ابو جہل کی کاروائی دیکھنے کے منتظر تھے..

جب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سجدے میں تشریف لے گئے تو ابوجہل نے پتھر اٹھایا , پھر آپ کی جانب بڑھا لیکن جب قریب پہنچا تو شکست خوردہ حالت میں واپس بھاگا.. اس کا رنگ فق تھا اور اس قدر مرعوب تھا کہ اس کے دونوں ہاتھ پتھر پر چپک کر رہ گئے تھے.. وہ بمشکل ہاتھ سے پتھر پھینک سکا.. ادھر قریش کے کچھ لوگ اٹھ کر اس کے پاس آئے اور کہنے لگے.. "ابوالحکم ! تمہیں کیا ہوگیا ہے..؟"

اس نے کہا.. "میں نے رات جو بات کہی تھی وہی کرنے جارہا تھا لیکن جب اس کے قریب پہنچا تو ایک اونٹ آڑے آگیا.. واللہ ! میں نے کبھی کسی اونٹ کی ویسی کھوپڑی , ویسی گردن اور ویسے دانت دیکھے ہی نہیں.. وہ مجھے کھا جانا چاہتا تھا.."

ابن اسحاق کہتے ہیں.. مجھے بتایا گیا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا.. "یہ جبریل علیہ السلام تھے.. اگر ابوجہل قریب آتا تو اسے ادھر پکڑتے.."

===========>جاری ھے..

سیرت المصطفیٰ.. مولانا محمد ادریس کاندہلوی..
الرحیق المختوم .. مولانا صفی الرحمن مبارکپوری..

Sirate nabi 62

سیرت النبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم..

قسط 62..

جب قریش ترغیب و تحریص اور دھمکی و وعید سے ملی جلی اپنی گفتگو میں ناکام ہوگئے اور ابوجہل کو اپنی رعونت اور ارادہ ٔ قتل میں منہ کی کھانی پڑی تو قریش میں ایک پائیدار حل تک پہنچے کی رغبت بیدار ہوئی تاکہ جس ''مشکل'' میں وہ پڑ گئے تھے اس سے نکل سکیں..

ادھر انہیں یہ یقین بھی نہیں تھا کہ نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم واقعی باطل پر ہیں بلکہ جیسا کہ اللہ تعالیٰ نے بتلایا ہے وہ لوگ ڈگمگا دینے والے شک میں تھے.. لہٰذا انہوں نے مناسب سمجھا کہ دین کے بارے میں آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے سودے بازی کی جائے , اسلام اور جاہلیت دونوں بیچ راستے میں ایک دوسرے سے مل جائیں اور کچھ لو اور کچھ دو کے اصول پر اپنی کچھ باتیں مشرکین چھوڑ دیں اور بعض باتوں کو نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے چھوڑنے کے لیے کہا جائے.. ان کا خیال تھا کہ اگر نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی دعوت بر حق ہے تو اس طرح وہ بھی اس حق کو پالیں گے..
ابن اسحاق کا بیان ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم خانۂ کعبہ کا طواف کر رہے تھے کہ اسود بن مطلب بن اسد بن عبدالعزیٰ , ولید بن مغیرہ , امیہ بن خلف اور عاص بن وائل سہمی آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے سامنے آگئے.. یہ سب اپنی قوم کے بڑے لوگ تھے.. بولے.. "اے محمد (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) ! آئیے ! جسے آپ پوجتے ہیں اسے ہم بھی پوجیں اور جسے ہم پوجتے ہیں اسے آپ بھی پوجیں.. اسی طرح ہم اور آپ اس کام میں مشترک ہوجائیں.. اب اگر آپ کا معبود ہمارے معبود سے بہتر ہے تو ہم اس سے اپنا حصہ حاصل کرچکے ہوں گے اور اگر ہمارا معبود آپ کے معبود سے بہتر ہوا تو آپ اس سے اپنا حصہ حاصل کرچکے ہوں گے.."

اس پر اللہ تعالیٰ نے سورۂ نازل فرمائی جس میں اعلان کیا گیا ہے کہ جسے تم لوگ پوجتے ہو اسے میں نہیں پوج سکتا..

ابن جریر وغیرہ نے ابن عباس رضی اللہ عنہ سے روایت کی ہے کہ مشرکین نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے کہا.. "آپ ایک سال ہمارے معبودوں کی پوجا کریں اور ہم ایک سال آپ کے معبود کی پوجا کریں.." اس پر اللہ نے یہ آیت نازل فرمائی..

قُلْ أَفَغَيْرَ اللَّـهِ تَأْمُرُونِّي أَعْبُدُ أَيُّهَا الْجَاهِلُونَ O ﴿٦٤﴾ (۳۹: ۶۴)

"آپ کہہ دیں کہ اے نادانو ! کیا تم مجھے غیر اللہ کی عبادت کے لیے کہتے ہو.." ( تفسیر ابن جریر طبری)

اللہ تعالیٰ نے اس قطعی اور فیصلہ کن جواب سے اس مضحکہ خیز گفت وشنید کی جڑ کاٹ دی لیکن پھر بھی قریش پورے طور سے مایوس نہیں ہوئے بلکہ انہوں نے اپنے دین سے مزید دست برداری پر آمادگی ظاہر کی.. البتہ یہ شرط لگائی کہ نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم بھی جو تعلیمات لے کر آئے ہیں اس میں کچھ تبدیلی کریں.. چنانچہ انہوں نے کہا.. "اس کے بجائے کوئی اور قرآن لاؤ یا اسی میں تبدیلی کردو.."

اللہ نے اس کا جو جواب نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو بتلایا اس کے ذریعہ یہ راستہ بھی کاٹ دیا.. چنانچہ فرمایا..

قُلْ مَا يَكُونُ لِي أَنْ أُبَدِّلَهُ مِن تِلْقَاءِ نَفْسِي ۖ إِنْ أَتَّبِعُ إِلَّا مَا يُوحَىٰ إِلَيَّ ۖ إِنِّي أَخَافُ إِنْ عَصَيْتُ رَبِّي عَذَابَ يَوْمٍ عَظِيمٍ O ﴿١٥﴾ (۱۰: ۱۵)

"آپ کہہ دیں مجھے اس کا اختیار نہیں کہ میں اس میں خود اپنی طرف سے تبدیلی کروں.. میں تو محض اسی چیز کی پیروی کرتا ہوں جس کی وحی میری طرف کی جاتی ہے.. میں نے اگر اپنے رب کی نافرمانی کی تو میں ایک بڑے دن کے عذاب سے ڈرتا ہوں.."

===========>جاری ھے..

سیرت المصطفیٰ.. مولانا محمد ادریس کاندہلوی..
الرحیق المختوم .. مولانا صفی الرحمن مبارکپوری..

Sirate nabi 34

سیرت النبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم..

قسط 34..

روایات کے مطابق جب آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی عمر بارہ برس اور تفصیلی قول کے مطابق بارہ برس دومہینے دس دن کی ہوگئی تو ابوطالب آپ کو ساتھ لے کر تجارت کے لیے ملک شام کے سفر نکلے.. حضرت ابوطالب کا تجارتی قافلہ سرزمین شام میں بصری' شہر کی اہم تجارتی منڈی کے قریب پہنچا تو وھاں پڑاؤ ڈال دیا.. بصریٰ ملک شام کا ایک مقام اور حوران کا مرکزی شہر ہے.. اس وقت یہ جزیرۃ العرب کے رومی مقبوضات کا دار الحکومت تھا..

وھیں قریب ھی ایک صومعہ (گرجا) تھا جس میں "جرجیس" نامی ایک عیسائی عبادت گزار راھب رھتا تھا جو " بحیرہ راھب " کے نام سے مشھور تھا.. اھل تحقیق کے نزدیک بحیرا راھب موحد تھا , مشرک یا بت پرست نہ تھا.. وہ تمام آسمانی کتابوں کا عالم اور نبی آخرالزماں کی جو علامات آسمانی کتابوں میں مذکور تھیں , ان سے بخوبی واقف تھا..

اس سے پہلے بھی بارھا اس کے صومعہ (گرجا) پاس سے تجارتی قافلے گزرتے رھے تھے مگر بحیرا کبھی کسی کی طرف ملتفت نہ ھوا تھا لیکن جب اس بار حضرت ابوطالب کا کاروان تجارت اس کے گرجا کے پاس اترا تو اس راہب نے اپنی خانقاہ میں سے دیکھا کہ قافلہ والوں میں سے ایک نوجوان پر ابر سایہ کئے ہوئے ہے.. بحیرا راہب اپنی بصیرت سے پہچان گیا کہ یہ نوجوان خصوصی اہمیت کا حامل ہے..

بحیرا راھب خلاف معمول اپنی عبادت گاہ سے باھر نکل آیا اور متجسسانہ نظروں سے ایک ایک کو دیکھنے لگا.. پھر جیسے ھی آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے پاس آیا تو دیکھتے ھی آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا ھاتھ پکڑ لیا اور پکار اٹھا..

"یہی ھے سردار دوجہانوں کا.. یہی ھے رسول پروردگار عالم کا جس کو اللہ جہانوں کے لیے رحمت بنا کر بھیجے گا.."

حضرت ابوطالب نے کہا.. "آپ کو یہ کیسے معلوم ہوا..؟"

بحیرا راھب نے بتایا.. "جب آپ سب لوگ پہاڑ کی گھاٹی سے نکلے تو اس وقت میں اپنی عبادت گاہ سے آپ سب کی طرف دیکھ رھا تھا.. میں نے دیکھا کہ اس نوجوان پر ابر سایہ کئے ہوئے ہے.. پھر میں نے دیکھا کہ کوئی شجر و حجر ایسا نہ تھا جس نے سجدہ نہ کیا ھو اور شجر و حجر نبی کے علاوہ کسی اور انسان کو سجدہ (تعظیم) نہیں کرتے ھیں.. اس کے علاوہ میں آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کو مہرنبوت کی وجہ سے بھی پہچان چکا ھوں جو آپ کے کندھے کے نیچے کری (نرم ہڈی) کے پاس ھے اور ھم انہیں اپنی کتابوں میں بھی پاتے ھیں.."

راھب یہ کہ کر واپس ھوگیا اور بصد اشتیاق تمام قافلہ کے لیے کھانا تیار کرایا.. جب کھانا تیار ھوا تو سب کھانے کے لیے حاضر ھوۓ مگر آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم موجود نہ تھے.. راھب کے دریافت کرنے پر معلوم ھوا کہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اپنے اونٹ چرانے آس پاس نکل گئے ھیں.. ایک آدمی بھیج کر آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو بلایا گیا.. سب لوگ جس درخت کے نیچے بیٹھے ھوۓ تھے وھاں کوئی سایہ دار جگہ آپ کے لیے بچی ھوئی نہ تھی.. سایہ دار جگہ نہ ملنے کی وجہ سے آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم دھوپ میں ھی بیٹھ گۓ تو درخت کی شاخیں آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر جھک گئیں.. بحیرہ ان سارے معاملات کو بڑی گہری نظر سے دیکھ رھا تھا..

اس نے حضرت ابوطالب سے حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے رشتہ کے بارے میں دریافت کیا تو انہوں نے کہا کہ یہ میرا بیٹا ہے لیکن راہب نے کہا کہ اس کے علم کے مطابق اس لڑکے کا باپ زندہ نہیں ہے.. حضرت ابو طالب نے کہا کہ حقیقت میں ان کے باپ زندہ نہیں ہیں..

اس کے بعد بحیرا راہب نے حضرت ابوطالب سے کہا.. "آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) میں وہ تمام نشانیاں موجود ھیں جو آسمانی کتابوں میں اللہ کے آخری نبی کے متعلق بتائی گئی ھیں.. اگر شام کے یہود و نصاری' نے آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) میں یہ نشانیاں پہچان لیں تو مجھے ڈر ھے کہ کہیں وہ آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کی جان کو نقصان نہ پہنچا دیں.."

چنانچہ بحیرہ کے مشورہ پر حضرت ابوطالب نے بعض غلاموں کی معیت میں آپ کو مکہ واپس بھیج دیا.. اس کے بعد حضرت ابوطالب پھر کبھی شام کے سفر میں آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو ساتھ نہیں لے گئے' مبادا کہیں آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو کوئی نقصان نہ پہنچے.. اسی سال حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ کی ولادت ہوئی..

===========>جاری ھے..

سیرت المصطفیٰ.. مولانا محمد ادریس کاندہلوی..
الرحیق المختوم .. مولانا صفی الرحمن مبارکپوری..

بشکریہ مجھے ہے حکم آذاں