Sirate nabi 14

سیرت النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم..

قسط 14..

پروفیسر عبدالحمید صدیقی اپنی کتاب " لائف آف محمد" (صلی اللہ علیہ وآلہ واصحابہ وسلم) میں لکھتے ھیں کہ جب عرب تاجر اپنے تجارتی کارواں لیکر روم و ایران و شام اور ھندستان تک جاتے وہ واپسی پر عیش پرستی اور تمام بری عادات  کر کےلوٹتے.. شام و عراق سے لڑکیاں درآمد کی جاتیں جنہیں عیش پرستی کے لیے استعمال کیا جات.. شھوانی خواھشات کے اس چٹخارے نے عربوں کو بلا کا اوباش اور نفس پرست بنا دیا تھا.. اور ان کے ھاں بدکاری اتنی رچ بس گئی تھی کہ اگر کوئی صالح شخص ان بدکاریوں اور بری عادات سے اجتناب برتتا تو اس کا مذاق اڑایا جاتا اور اسی کمینہ ' کنجوس اور غیر ملنسار قرار دے دیا جاتا..

عرب معاشرے کی اخلاق باختگی کا ایک اور تاریک پہلو خاندانی نظام کی گراوٹ تھا.. عرب کے متمول طبقے میں تو پھر بھی حالت کچھ بہتر تھی مگر عمومی طور پر مرد عورت کا اختلاط سواۓ فحاشی اور بدکاری کے اور کچھ نہیں تھا..ایک ھی وقت میں کئی کئی عورتوں کو اپنے حرم میں داخل کرلیا جاتا.. دو سگی بہنوں سے بیک وقت نکاح کرلینا اور باپ کے مرنے کے بعد سوتیلی ماں کو اپنی زوجیت میں لے لینے میں کوئی عار نہ تھا.. دس دس لوگ ایک ھی عورت سے تعلقات قائم کرلیتے.. جگہ جگہ رنڈیوں اور طوائفوں کے گھر زنا اور بدکاری کے اڈے تھے.. شراب نوشی اور جواء عام تھا..

انکی بے حیائی کا یہ عالم تھا کہ انکی بیٹیاں تک نیم عریاں لباس میں قبائلی مخلوط مجالس میں شریک ھوتیں جہاں انکے جسمانی اعضاء پر نہایت فحش شعر پڑھے جاتے.. دنیا کی شائد ھی کوئی برائی ھو جو عربوں میں موجود نہ تھی.. لہو و لعب ' فسق و فجور اور قتل و غارتگری کے دلدادہ.. زنا و بدکاری کے رسیا اور شراب نوشی اس قدر کہ جیسے ھر گھر ایک شراب خانہ تھا..

عرب نہایت شقی القلب اور سنگدل تھے.. جانوروں کو درختوں سے باندھ کر نشانہ بازی کی مشق کی جاتی.. زندہ جانور کا کوئی حصہ کاٹ کر کھا جاتے.. اسیران جنگ کے ساتھ غیر انسانی سلوک کیا جاتا.. ایک ایک عضو کاٹ کر موت کے گھاٹ اتارا جاتا.. دشمنوں کا جگر نکال کر کچا چبا لیا جاتا.. ان کے کاسہ سر میں شراب ڈال کر پی جاتی.. مجرموں کو حد درجہ وحشیانہ سزائیں دی جاتیں..

درحقیقت یہ اسلام کی حقانیت و سچائی کا ایک منہ بولتا ثبوت ھے کہ ایسی وحشی و جاھل قوم کو بدل کر تمام اقوام عالم کا پیشوا بنا دیا اور انکو اخلاقی طور پر فرشتوں کے جیسا پاکیزہ بنا دیا..

تاھم اخلاقی طور پر پستی اور گراوٹ کی اتھاہ گہرایوں میں ڈوبے اس معاشرے میں ایسے سلیم فطرت صالح انسان موجود تھے جو ان قبیح حرکات سے الگ تھلگ تھے..

دوسری طرف جب انہی بدکار و بے حیا عربوں میں کچھ ایسی اخلاقی اچھائیاں بھی پائی جاتی تھیں جو ان عربوں کے لیے وجہ امتیاز تھیں.. شجاعت عربوں میں اپنی معراج پر تھی.. ان کی بہادری درحقیقت سفاکی کے درجہ تک پہنچی ھوئی تھی.. کسی عرب کے لیے میدان جنگ میں تلوار کی دھار پر کٹ مرنا عزت اور شرافت کی بات تھی اور بستر پر ناک رگڑ رگڑ مرنا ذلت اور گالی سمجھا جاتا.. نہ صرف مرد بلکہ عورتیں بھی میدان جنگ میں مردوں کے دوش بدوش حصہ لیتیں..

سخاوت میں ان کا کوئی ثانی نہ تھا.. کبھی کبھی تو اپنے پاس کا آخری روپیہ تک سائل کے حوالے کردیا جاتا.. مہمان نواز اس درجے کے تھے کہ اگر کسی کے پاس صرف ایک اونٹ گزر بسر کے لیے ھوتا تو اگر مہمان آ جاتے تو اسے ذبح کرکے مہمانوں کو کھلا دیا جاتا..

عرب آزادی کے دلدادہ تھے اور اپنی آزادی برقرار رکھنے میں کسی قربانی سے دریغ نہ کرتے تھے.. یہ ایک تاریخی حقیقت ھے کہ روم و ایران کی عظیم سلطنتوں کے بیچ میں ھونے کے باوجود کوئی ان کو محکوم نہ بنا سکا..

عرب آخر درجے کے وفا پیشہ تھے.. عہد و پیمان کی پابندی کو فرض سمجھا جاتا تھا اور ایفاۓ عہد میں اپنی جان و مال اور اولاد تک کو قربان کردیا جاتا تھا.. جب کسی کو پناہ دے دیتے تو اپنی جان قربان کردیتے مگر اپنی پناہ میں آۓ شخص پر ایک آنچ نہ آنے دیتے..

شائد عرب قوم کی یہ امتیازی صفات ھی تھیں کہ جن کی وجہ سے اللہ نے اس قوم کو اسلام کی داعی قوم کے طور پر فضیلت بخشی.. بلاشبہ عرب قوم بدکاری و بے حیائی کی دلدل میں مکمل طور ڈوبی ھوئی تھی مگر یہ سب وہ بری صفات تھیں جو ان کی فطرت میں شامل نہ تھیں اور انہیں ختم بھی کیا جاسکتا تھا اور اسلام کے ظہور کے بعد ختم ھو بھی گئیں مگر کسی قوم کو نہ تو کوشش سے بہادر بنایا جاسکتا ھے نہ ھی امانت دار اور نہ ھی حریت و آزادی کا متوالا.. یہ وہ صفات ھیں جن سے عرب قوم کو اللہ نے خوب خوب نواز رکھا تھا..

اور جب اسلام قبول کرنے کے بعد عرب قوم اپنی اخلاقی گراوٹ سے نکلی اور ان صفات میں جب اسلامی جذبہ جہاد کی روح بھی پھونک دی گئی تو پھر دنیا میں ان کی شجاعت اور تلوار کی بہادرانہ کاٹ کا کسی قوم کے پاس کوئی جواب نہ تھا..

===========> جاری ھے..

سیرت المصطفیٰ.. مولانا محمد ادریس کاندہلوی..
الرحیق المختوم .. مولانا صفی الرحمن مبارکپوری رحمھمااللہ
منقول؛ڈاکٹرزبیراحمدحفظہ اللہ
الداعی الی الخیر؛عبدالستار

No comments:

Post a Comment