امام ابو حنیفہؒ
امام ابو حنیفہؒ کا نام "نعمان بن ثابت" تھا۔ یہ حنفی فقہ کے بانی ہیں۔ ان کے دادا (زوطا) غلام کی حیثیت سے ایران سے کوفہ لائے گئے۔ بعد میں آزاد کر دیے گئے اور قبیلہ تیم اللہ کے مولیٰ کی حیثیت سے زندگی بسر کرنے لگے۔ ان کے والد کا نام"ثابت" تھا۔ امام صاحب کی پیدائش 80ھ میں کوفہ میں ہوئی۔ انہوں نے تمام عمر فقہ کی تحصیل میں صرف کر دی۔ یہ کوفہ میں ایک زبردست عالم و واعظ کی حیثیت رکھتے تھے۔ لوگ دور دور سے ان سے فقہی مسائل پوچھنے آتے تھے۔ انہوں نے ہمیشہ املا کے طریقے پر زبانی تعلیم دی اور کوئی تصنیف نہیں چھوڑی۔ مگر بعض رسائل اور کتب جو ان سے منسوب ہیں ان کے پوتے اسماعیل بن حماد اور ان کے شاگردوں کی محنت کا نتیجہ ہیں۔
ان کا نام نعمان بن ثابت تھا مگر چونکہ دین کی طرف تمام دنیاوی چیزوں سے منھ موڑ کر یکسوئی اختیار کی۔ اسی نسبت سے"حنیفہ" مشہور ہوئے۔ یہ کپڑے کی تجارت کرتے تھے اور خوشحال تھے۔ ان کا زمانہ اموی خلافت کا زمانہ تھا مگر عمر کے آخری حصہ میں اموی خلافت ختم ہو گئی اورعباسی خلافت قائم ہوئی تو خلیفہ منصور نے انہیں عہدۂ قضا کی پیش کش کی۔ مگر انہوں نے انکار کیا۔ اس لیے قید کر دیے گئے۔ ان کا انتقال 150ھ میں ہوا۔
No comments:
Post a Comment